اسلام کے حقیقی تصور سے آشنا ہونے کیلئے ہمیں سیرت طیبہ ﷺ کو جاننے کی ضرورت ہے ۔ اعظم سواتی
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ اسلام کے حقیقی تصور سے آشنا ہونے کیلئے ہمیں سیرت طیبہ ﷺ کو جاننے کی ضرورت ہے ، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ریاست مدینہ کے خواب کو جلد شرمندہ تعبیر فرمائے۔ وہ پیر کو پاکستان ریلوے کلب راولپنڈی میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ انعام اللہ محسود ،ڈویزنل افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ آپﷺنے ایک عالمگیر مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا ۔ انہوں نے کہاکہ حضورﷺ رنگ، نسل ،خاندان ، زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے، آپﷺنے ایسی فلاحی ریاست قائم کی جس میں امیر اور غریب کے حقوق برابر تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل خصوصاً انتشار ، نفاق ، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ ربیع الاول کا مہینہ حکومتی سطح پر بھر پور انداز سے منانے کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر 3 تا 13 ربیع الاول کو عشرہ رحمۃ للعالمین ﷺ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 12 ربیع الاول کو وزیراعظم عمران خان رحمت اللعالمین بورڈتشکیل دیں گے ۔یہ اتھارٹی پوری دنیا کو اسلام اور سیرت کو سمجھائے گی۔