ڈیوڈ وارنر انگلینڈکے خلاف ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی نروس نائنٹیز کا شکار
ایڈیلیڈ۔ (علی رضاغوری سے ):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے دوسرے میچ میں بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور وہ 5 رنز کے فرق سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 25ویں سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
جمعرات کو ڈیوڈ وارنر نے انگلش ٹیم کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز مارنس لبوشین کے ساتھ ملکر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مہمان ٹیم کے بائولرز کی خوب دھلائی کی ۔
دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ 4 کے مجموعی سکور پر گر جانے کے بعد محتاط انداز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پرٹیم کے لیے قیمتی 172رنز کی پارٹنر شپ قائم کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن بہتربنائی ۔
ڈیوڈ وارنر نے پہلی اننگز میں 167گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف آزادانہ اور دلکش اسٹروکس کھیلے اور 11خوبصورت چوکوں کی مدد سے 95رنز بنائے ۔35سالہ ڈیوڈ وارنر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور وہ 5رنز کے فرق سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 25ویں سنچری مکمل نہ کر سکے ۔
ڈیوڈ وارنر کو 95کے انفرادی سکور پر بین سٹوکس نےسٹورٹ براڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر انگلینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میچ میں بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے تھے ۔