پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 9 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کرلی

pakistan 1 2 696x398 1

کراچی۔ (علی رضا غوری سے):پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، برینڈن کنگ کے67 اور روماریو شیفرڈ کی 35 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچاسکی، شاداب خان کو آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

منگل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ محمد رضوان38 اور افتخار احمد 32 اور حیدر علی 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آل رائونڈر شاداب خان نے12 گیندوں پر28 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کے بائولر اوڈین سمتھ نے دو، عقیل حسین،

اوشانے تھومس ، روماریو شیفرڈ اور ہیڈن والش نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 163 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈین اوپنر برینڈن کنگ نے43 گیندوں پر67 رنز بنائے لیکن یہ ان کی ٹیم کے کام نہ آئے۔ کنگ نے آدھی درجن چوکوں کے علاوہ تین بھرپور چھکے بھی داغے۔

ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیریز ایک ایک سے برابرکرسکتی ہے لیکن برینڈن کنگ کے آئوٹ ہوتے ہی ان کی امیدوں پر اوس پڑگئی۔ روماریو شیفرڈ نے 19 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور دو چوکے بھی شامل تھے۔

کپتان نکولس پوران اپنی ٹیم کے دوسرے بڑے سکورر رہے انہوں نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے18 رنز دیکر تین جبکہ محمد وسیم ، محمد نواز اور حارث رئوف نے بالتریب دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد قومی ٹیم کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ  جمعرات کو کھیلاجائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں