پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 63 رنز سے شکست دے دی،
کراچی۔ (علی رضا غوری سے ):پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں باآسانی 63 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم کے201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 137 رنز پر آئوٹ ہوگئی، محمد وسیم نے 4 وکٹیں حاصل کیں، حیدر علی کو شاندار نصف سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پیر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 52 بالوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ کپتان بابراعظم پہلے ہی اوور میں صفر پر آئوٹ ہوگئے۔
حیدر علی نے محمد رضوان کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ حیدر علی نے 39 بالوں پر 68 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔ فخر زمان 10، آصف علی 1، افتخار احمد 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
محمد نواز نے 10 بالوں پر 30 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کے بائولرز روماریو شیفرڈ نے دو جبکہ عقیل حسین، اوشانے تھامس، ڈومینک ڈریکس اور اوڈین سمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ اوپنر شائے ہوپ نے 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ اوڈین سمتھ 24 ، روومین پاول 23 اور روماریو شیفرڈ 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد وسیم نے 4 اور شاداب خان نے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی، محمد نواز اور حارث رئوف نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ حیدر علی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔