ایک پڑھی لکھی خاتون ایک نسل کو تہذیب یافتہ بنانے کی ضامن ہے ، تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی دوڑ میں منزل مقصود پاتی ہیں ، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد

shekhh


راولپنڈی۔ (یاسر ملک سے ):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ ایک پڑھی لکھی خاتون ایک نسل کو تہذیب یافتہ بنانے کی ضامن ہے ، خواتین کی تعلیم کا فروغ ہمیشہ سے مطمع نظر رہاہے، تعلیم یافتہ قومیں ہی ترقی کی دوڑ میں منزل مقصود پاتی ہیں ، راولپنڈی میں بچیوں کے 60 تعلیمی ادارے بنائے، غریبوں کی تمام بستیوں میں سرکاری سکولوں و کالجوں کواپ گریڈ کیا جارہاہے، بیٹی پڑھی لکھی ہوگی تو شہر میں کوئی منشیات فروش یا قبضہ مافیا سر نہیں اٹھاسکے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور ان میں جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ایف بلاک سیٹلائٹ ٹائون (کٹاریاں ) میں ملٹی پرپز ہال کو باقاعدہ فعال کردیا گیاہے تاکہ اس شہر کی بیٹیوں کو حصول علم میں زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہوسکیں ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ایک بڑی تبدیلی یہ آرہی ہے اور لڑکیاں آگے نکل رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے رکشا ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس کے امتحان میں ٹاپ کرکے ملک وقوم کا سرفخر سے بلند کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں موجود جتنی بھی غریبوں کی بستیاں ہیں وہاں بچیوں کے سرکاری سکولوں اورکالجوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

جس شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہوگی اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی اور نہ ہی وہاں کوئی منشیات فروش، جواری یا قبضہ مافیا سر اٹھاسکتا ہے۔آئی ٹی یونیورسٹی کے بعد تین یونیورسٹیاں مکمل ہوجائیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے خواتین کالجوں میں دوشفٹوں میں تعلیم دی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب میں نے سیاست میں قدم رکھا تو خواتین کی تعلیم کے حوالے سے راولپنڈی 37ویں نمبر پر تھا اور آج راولپنڈی بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے ، لال حویلی بھی کسی ایک یونیورسٹی کو دینے کا اعلان کرتا ہوں ، میرا مشن تھا کہ بچیاں نرسری سے پی ایچ ڈی تک ایک ہی جگہ تعلیم حاصل کریں جس میں ہم کامیاب ہوگئے ہیں

،ہر وہ علاقہ جس میں ڈھوک کا لفظ آتا ہو وہاں پر تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں ،ہماری بیٹی پڑھی لکھی ہے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ،جو ہونہار بچیاں وسائل اور مسائل کے باعث علیٰ تعلیم کے لیے باہرکے ممالک نہیں جاسکتیں ان کے لیے لال حویلی کی جانب سے انتظام کیاجائے گا ،اگر کوئی بچی سکول یا کالج میں فیس نہ دے سکے اس کی فیس کی ذمہ داری بھی لال حویلی اٹھائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں تعلیمی اداروں کا جال بچھانے کا خواب پورا ہوگیا ہے ، تعلیم کا فروغ ہمیشہ سے میری ترجیح رہی ہے ، راولپنڈی شہرکو تعلیم کا مرکز بنا دیاہے ، سب سے زیادہ شرح خواندگی ضلع راولپنڈی میں ہے۔راولپنڈی میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی بن چکی ہے ،ایک آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے ،راولپنڈی میں تین ویمن یونورسٹیاں قائم ہو چکی ہیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں