قومی اسمبلی کی33 نشستوں پرانتخابات ،ایک ہی امید وارعمران خان

یوتھ ویژن نیوز( واصب غوری سے ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ تمام (33)حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان ہوں گے۔16 مارچ کو عوام واضح پیغام دیں گے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چھٹی کے روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ
لاہور زمان پارک میں عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں 4 قراردادوں کو متفقہ طور پر پاس کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردی ہیں۔ جنرل الیکشن میں 90 روز سے مزید تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔ 90 روز سے زائد عرصہ گزارنے کی کوئی گنجائش نہیں۔انتخابات کے انعقاد میں تاخیر آئین پر حملے کے مترادف ہوگی۔ اس پر آرٹیکل 6 کی کارروائی ہوگی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا رابطہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کیساتھ نہیں ہے۔ صدر مملکت نے ملک کی بہتری کیلئے کشیدگی اور تناؤ میں کمی کیلئے کردار ادا کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں خاطر خواہ پیشرفت سامنے نہ آسکی۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فوادچودھری کی گرفتاری اور تضحیک کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک ہی مقدمے میں تین مرتبہ جسمانی ریمانڈ کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ چیف جسٹس فواد چودھری کیساتھ ناانصافی کا نوٹس لیں۔ہم توقع کرتے ہیں کہ فواد چودھری کو انصاف ملے گا اور رہا کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف نےعمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دےدیا
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے بھی دو قراردادیں پڑھ کر سنائیں اور عام انتخابات کے فوری انعقاد پر زور دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کے ساتھ قومی سلامتی کو بھی شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کی آواز دبانے کیلئے تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔
فون پر دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ پی ٹی آئی قیادت صدر مملکت پر زور دیتی ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔