سپیشل طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کرنے اور تعلیم وتربیت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی کا ڈیپارٹمنٹ آف سپیشل ایجوکیشن فعال کردار ادا کر رہا ہے وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب
بہاول پور: ( علی رضا غوری سے )عالمی یوم معذوراں کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس سپیشل ایجوکیشن بہاول پور ڈویژن اور ڈیپارٹمنٹ آف سپیشل ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے باہمی اشتراک سے تقریب منعقد ہوئی جس میں ممبر صوبائی اسمبلی احسان الحق چوہدری اور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انجینئر اطہر محبوب نے بطور خاص شرکت کی۔ ایم پی اے احسان الحق چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل افراد معاشرہ کا اہم حصہ ہیں۔ ان کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود کے کاموں کے لئے حکومت بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد کی بحالی، تعلیم و تربیت اور حقوق کی فراہمی کے لئے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپیشل طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کرنے اور تعلیم وتربیت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی کا ڈیپارٹمنٹ آف سپیشل ایجوکیشن فعال کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل طلباء وطالبات کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ تقریب میں سابق ڈی او سپیشل ایجوکیشن شاذی حشمت، سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان، پرنسپل گورنمنٹ سیکنڈری سکول فار بلائنڈ ارم اقبال، سید سلمان طارق بخاری، ہیڈ ماسٹر سلو لرنر انسٹی ٹیوٹ آصف اقبال، صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ عثمان سعید، سول سوسائٹی کے ممبران، اساتذہ کرام، والدین اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن بہاول پور ڈویژن منصور علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سپیشل بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی خاندان میں یا ان کے عزیز و اقارب میں سپیشل بچہ ہے تو شہر میں قائم سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے قائم اداروں میں داخل کرائیں۔ قبل ازیں سپیشل ادارہ جات کے طلباء وطالبات نے ٹیبلوز پیش کئے۔ سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان نے سپیشل افراد کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے اظہار خیا ل کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض گورنمنٹ سیکنڈری سکول فار دی بلائنڈ کے اساتذہ کرام کلثوم مزمل اور شہزاد احمد خاں نے انجام دیئے۔