کمشنر بہاولپور ان ایکشن، کھاد کے حوالے سے مارکیٹوں کے سرپرائز وزٹ
بہاول پور:( یاسر ملک سے)کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے حکومت کے مقرر کردہ نرخ پر یوریا کھاد کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے غلہ منڈی بہاول پور اور ڈیرہ بکھا کی منڈی کا اچانک معائنہ کیا۔اس موقع پرایس پی سپیشل برانچ حبیب الرحمن خان، اسسٹنٹ کمشنر سٹی نعیم صادق چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد حسین اور محکمہ زراعت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے موقع پرموجودکاشتکاروں و کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کاشتکاروں کو حکومت کے مقررکردہ نرخ 1768/-روپے پر یوریا کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور مڈل مین کے کردار کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔کمشنر بہاول ڈویژن نے موقع پر موجود یوریا کھاد کی فراہمی کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ نمبرداروں کے ذریعے دیہاتوں کی مساجد میں اعلان کرایا جائے کہ حکومت کے مقرر کردہ نرخ سے زائد پر کھاد نہ خریدی جائے اور مقرر کردہ نرخ سے زائد پر یوریا کھاد فروخت کرنے والوں کے بارے میں انتظامیہ کے کنٹرول روم کو فوراً مطلع کیا جائے۔ انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں و کسانوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخ پر زرعی کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اورزرعی کھادکی ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث ڈیلرز کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی کھاد کی سمگلنگ روکنے کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے اور زرعی کھاد کے ڈیلرز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔