عرفان کاٹھیا قلعہ ڈیراور کی بحالی کے لئے سرگرم
بہاول پور: (یاسر ملک سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ٹی ڈی سی پی ریزارٹ چولستان میں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قلعہ ڈیراور کی مرمت، دیکھ بھال، تزئین و آرائش کے کاموں اور ماڈل ولیج چولستان کے قیام کے حوالہ سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر شیر اکبر، افتخار علی شامی سینئر چیف پی اینڈ ڈی، ڈی پی او محمد فیصل کامران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر فاروق قمر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھر، ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیا لوجی، عامر نواز پی اینڈ ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قلعہ ڈیراور کی مرمت، دیکھ بھال اور تزئین و آرائش کے کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں قلعہ ڈیراورکی تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کے کام اور ماڈل ولیج چولستان کے قیام حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ قلعہ ڈیراورکی تزئین و آرائش کے کاموں کے ساتھ ساتھ سولر ایل ای ڈی لائٹس اورواکنگ ٹریک پر ٹف ٹائلز نصب کی جائیں گی۔ اسی طرح ماڈل ولیج چولستان میں دکانیں تعمیر کی جائیں گی۔ نیز پرانی دکانوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے کام کیے جائیں گے۔ دکانوں پر سیاحوں کے لیے مقامی دستکاری کے نمونے رکھے جائیں گے۔ اسی طرح واٹر سپلائی، چاردیواری کی تعمیر، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور دیگر تعمیراتی کام مکمل کیے جائیں گے۔