جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کیا جائے ،ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر پندرہ دن بعد ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقدکئے جائیں،وزیر اعظم
اسلام آباد ( واصب ابراہیم غوری سے):وزیراعظم عمران خان نے جنوبی بلوچستان کی ترقی کیلئے ترقیاتی پیکج کے 655 ارب روپے کے 200 ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے لیے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر پندرہ دن بعد ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں کیونکہ اس کی آبادی بکھری ہوئی ہے اور طویل فاصلوں کی وجہ سے ہمیں بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے غیر روایتی حل تلاش کرنا ہوں گے ۔
وزیراعظم نے یہ بات جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی سست روی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں قائم ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایک سال میں ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم نے اس پیکیج کے تحت 655 ارب روپے کے 200 ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کے لیے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر پندرہ دن بعد ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تربت ایئرپورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر اور تربت میں 2 نرسنگ کالجز جلد از جلد تعمیر کیے جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وہ ذاتی طور پر ہر ماہ جائزہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں کیونکہ اس کی آبادی بکھری ہوئی ہے اور طویل فاصلوں کی وجہ سے ہمیں بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے غیر روایتی حل تلاش کرنا ہوں گے۔ انہوں نے وزارت منصوبہ بندی، وزارت توانائی، وزارت بحری امور اور حکومت بلوچستان کو ہدایت کی کہ پیکج کے تحت ٹرانسپورٹ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کریں