پنجابی ثقافت دنیا کی تاریخ میں سب سے قدیم شمار کی جاتی ہے
بہاول پور(واصب ابراہیم غوری سے ) پنجابی ثقافت دنیا کی تاریخ میں سب سے قدیم شمار کی جاتی ہے۔یہاں کی ثقافت اپنے اندر وسعت رکھتی ہے جو قدیم اور جدید کا بہترین امتزاج ہے۔پنجاب میں ہر علاقے کا ایک اپنا کلچر اور روایات ہیں جو اس علاقے کی تہذیب وتمدن کی عکاسی کرتا ہے۔پنجاب کے ثقافتی تہوار ہوں یا اس کے روایتی رقص لڈی سے لے کر جھومر تک ہر ایک کی اپنی تاریخ اور پس منظر ہے۔ ان خیالات کا اظہار پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد عارف کمال نون نے پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب رنگا رنگ ثقافتوں کی سرزمین ہے۔ پنجاب کی تاریخ کی طرح یہاں کی ثقافت بھی صدیوں پرانی ہے۔ ہڑپہ سے شروع کریں یا ٹیکسلا سے حیران کن خوبصورتیاں آپ کی منتظر ہوں گی۔ یاد رہے کہ14 مارچ پنجابی مہینے ”چیتر” کا پہلا دن ہے۔ چیتر بہار کی علامت ہے اس لئے اسے ثقافتی دن کے طور پر منانا بہار کو خوش آمدید کہنا بھی ہے۔ 70 سالوں میں پہلی بار ”پنجاب کلچر ڈے” سرکاری طور پر منایا جا رہا ہے۔