پاکستان کی افغانستان میں زبردست کارروائی: بھارتی سرپرستی میں سرگرم 26 خوارج ہلاک، 4 اہم اہداف تباہ
یوتھ ویژن نیوز : (راولپنڈی ) – پاکستان نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انتہائی مؤثر اور ہدفی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 26 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے چار اہم اہداف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
یہ کارروائیاں حالیہ دہشت گرد حملوں کے پیش نظر کی گئیں، جن میں 9 جون کو موسیٰ درہ میں وفاقی کانسٹیبلری کی چوکی پر حملہ، 2 جون کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر گاڑی میں نصب بارودی مواد سے خودکش حملہ، اور 9 مئی کو بنوں پولیس اسٹیشن پر حملہ شامل ہیں۔ مستند انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے خفیہ ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
تباہ کیے جانے والے چار اہم اہداف
کارروائیوں کے دوران چار اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے:
- ایک تربیتی مرکز
- ایک خفیہ پناہ گاہ
- اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ
- خوارج کمانڈروں علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل کے مراکز
پیشہ ورانہ مہارت اور درستگی سے انجام دی گئی کارروائیاں
یہ کارروائیاں انتہائی درستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دی گئیں، جس میں صرف دہشت گرد عناصر اور ان کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں ہے، تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اس کی اولین ترجیح ہے۔
قومی سلامتی کے لیے ‘عزم استحکام’ کا وژن
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزم استحکام” کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔