روس، یوکرین میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعال پر غور کر رہا ہے، امریکی صدر
امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس یوکرین میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیاروں کے استعال پر غور کر رہا ہے۔
واشنگٹن: عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے یہ بات واشنگٹن میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں ںے واضح طور پر کہا کہ ایسی صورت میں مغرب کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے روسی صدر کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کے یورپ میں حیاتیاتی و کیمیائی ہتھیاروں کو رکھنے میں رتی برابر بھی سچائی نہیں ہے۔
انہوں ںے کاروباری شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر پیوٹن کو معلوم ہے کہ نیٹو رکن ممالک کا متحد فرنٹ ہونے کی وجہ سے اس کے سنگین نتائج ہوں گے لیکن صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ردعمل کس قسم کا ہو سکتا ہے؟
روس کی جانب سے ماہ رواں میں کہا گیا تھا کہ یوکرین امریکی حمایت یافتہ کیمیائی ہتھیار چھپانے کی کوشش کر رہا ہے جس کی امریکہ سمیت مغربی ممالک نے تردید کی تھی۔