وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کے نائب صدر ہان ژینگ کی ملاقات، سی پیک منصوبوں پر مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار
پاکستان اور چین نے سی پیک منصوبوں پر مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے سی پیک کی مرکزیت پر اتفاق کیا ہے اور اس کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
زرایع کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بات چیت روایتی گرمجوشی اور ہم آہنگی سے بھرپور تھی جو پاکستان چین سدا بہار سٹرٹیجک شراکت داری کی پہچان رہی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے سی پیک سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں اور دوطرفہ اقتصادی اور مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ بنیادی مسائل پر چین کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں جی 20 کے کسی بھی اجلاس کے انعقاد کی چین کی سخت مخالفت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کے لیے چین کے اصولی موقف کی عکاسی کرتی ہے۔
چینی نائب صدر ہان ژینگ نے کہا کہ پاک چین دوستی منفرد ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی وجہ سے وقتاً فوقتاً آنے والی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک قریبی پڑوسی اور آہنی بھائی کی حیثیت سے پاکستان چین کی ہمسایہ سفارت کاری میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور چین پاکستان کے بنیادی مفادات کے تحفظ اور پاکستانی عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
پاکستان میں سی پیک منصوبوں پر مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے سی پیک کی مرکزیت پر اتفاق کیا اور اس کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سی پیک کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک میں منعقد ہونے والی تقریبات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کثیرالجہتی فورمز پر اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور چینی نائب صدر ہان نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی رفتار کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے چینی نائب صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا