قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیارہوگئی،وزیراعظم ،صدرمملکت کو بھجوائیں گے
یوتھ ویژن نیوز : وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری تیار ہونے کے بعد صدر مملکت کو بھجوائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری وزیراعظم کو ارسال کردی گئی۔
سمری میں مبینہ طور پر قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کو خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم تاریخ بھر کر سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سفارش پر صدر کو 48 گھنٹوں میں قومی اسمبلی تحلیل کرنا ہوگی۔ صدر کے دستخط نہ ہونے کی صورت میں اسمبلی 48 گھنٹوں میں تحلیل ہو جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ بیان کے مطابق 10 اگست سے پہلے اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی اور نگراں حکومت اقتدار سنبھال لے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی سے پریشان عوام پربجلی گرادی،2.31 روپے فی یونٹ کا اضافہ
اس کے برعکس، وزیر اعظم نے کل اعلان کیا تھا کہ وہ آج (بدھ کو) صدر کو قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری بھیجیں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کے ناموں پر وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض آج بات کریں گے۔ ہر طرف سے تین نام پیش کیے جائیں گے، اور پھر حتمی نام ظاہر کیا جائے گا۔