وزیرخزانہ اسحاق ڈارکا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز: وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کےمطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔
اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15اپریل تک برقرار رہیں گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ یانہ کمی نہیں کررہے ۔پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے برقرار رہے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 293 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے کمی کی گئی ہے ، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 10روپے کمی کی گئی ، قیمتوں میں کمی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا ۔
دوسری جانب وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا پٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے برقرار رہے گی، ڈیزل فی لیٹر 293 روپے میں دستیاب ہوگا، مٹی کا تیل 10 روپے سستا ہونے کے بعد 180 روپے 29 پیسے کا ہوگا، لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 10 روپے کمی کے بعد 174 روپے 68 پیسے ہوگی،
دوسری جانب وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ لیٹر آف کریڈٹ کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے، صنعتی شعبے کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت،صنعتی شعبہ اوربزنس کمیونٹی مل کر ملک کو ترقی کے راستے پرگامزن کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف ملک کے لیے بہت محنت کررہے ہیں،ہم سب مل کر محنت کریں گے تو پاکستان ٹیک آف کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،صنعتی شعبے کا فروغ اور مسائل کا حل ترجیح ہے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ن لیگ کے سابقہ دورمیں ملک تیزی سی ترقی کررہاتھا، پاکستان جی ٹونٹی ممالک کی فہرست میں شامل ہونے جارہا تھاجبکہ پی ٹی آئی دورمیں معیشت کی24ویں سے47ویں نمبرپرتنزلی ہوئی۔