نگران صوبائی وزیر برائےاوقاف ومذہبی امورکی گورنرپنجاب سے ملاقات
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نگران صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہے اور انہیں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ قرآن کریم کی سکولوں میں تعلیم کے حوالے سے جو مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں قانون پاس کیا گیا تھا اس پر تاحال پوری طرح عملدرآمد نہیں ہو سکا۔انہوں نے صوبائی وزیر کو ہدایت کی کہ جلد از جلد اس کام کو بہتر طریقے سے آگے بڑھایا جائے ۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں ز کو ٰةکے پیسے شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچنے چاہئیں بالخصوص وہ علاقے جہاں غربت زیادہ ہے وہاں زکوٰة کی رقم حق داروں تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔
نگران صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ درباروں کی تزئین و آرائش بالخصوص سیکیورٹی کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علما ئے کرام سے مشاورت کے ساتھ معاشرے میں برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جلد ایک کانفرنس منعقد کرنے جا رہے ہیں۔