عمران خان کیلئے قانون اور، مریم نواز کیلئے اور ہے, فواد چودھری
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے کہا ہے کہ یہاں پر قانون کا دوہرا معیار ہے،
عمران خان کیلئے قانون اور مریم نواز کیلئے کچھ اور ہے، پاکستان کی عدلیہ سے گزارش ہے کہ کسی کے دباؤ میں نہ آئیں۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاانتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے، پی ڈی ایم کی حکومت عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کیلئے تیار ہوگئی ہے، مریم نوازبیانات کے ذریعے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہی ہیں، مریم کا خیال ہے عدلیہ کو دباؤ میں لے آئیں گی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا دوسرو ں کو برابھلا کہہ کر یہ اپنی کارکردگی سے منہ چھپانا چاہتے ہیں، ماضی میں بھی ن لیگ نے عدلیہ کے خلاف محاذ کھول کے رکھا، جن ججوں نے قاسم سوری کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تو وہ بھی اس بینچ کاحصہ ہیں لیکن ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کالعدم قرار دینے کیخلاف پی ٹی آئی نے ججز کے خلاف کوئی محاذ نہیں کھولا۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پورا پاکستان اس وقت بلیک میلنگ کاسامنا کررہا ہے، کچھ لوگوں کو آڈیو اور کچھ کو ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جارہا ہے، پورے پاکستان کو اس وقت ایک بلیک میلر حکومت کا سامنا ہے، آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنا بہت خطرناک ٹرینڈ ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ثاقب نثار کی آڈیو پر اسلام آباد میں ایک تماشہ لگا دیا گیا تھا، پنجاب کے اسپیکر سپریم کورٹ کے سامنے اپنی درخواست لے کر کھڑے ہیں، سپریم کورٹ آزادانہ فیصلے کرکے آئین کے مطابق آگے بڑھے، عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی تو آئین نہیں رہے گا، پوری قوم اس وقت سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شاہ محمود قریشی، اسدعمر اور مراد راس نے گرفتاریاں دیں،
پنجاب میں 77 پی ٹی آئی کارکنان قید میں ہیں، یہ کوئی مجرم نہیں بلکہ سیاسی قیدی ہیں لیکن ہمارے کارکنان کو کرمنلز کے ساتھ رکھا ہوا ہے، ہمارے کارکنان کو کھانا پہنچانے نہیں دیا جا رہا ہے، ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کو سیاسی قیدیوں کے تمام حقوق دیے جائیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ دہشت گردوں کی طرح ہمارے کارکنان کو دور دراز علاقوں میں بھیجا گیا، پنجاب میں اس وقت رئیل اسٹیٹ مافیا کی حکومت چل رہی ہے، راولپنڈی میں 81 لوگ گرفتاری دے چکے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں راولپنڈی میں لوگ گرفتاری دینے کیلئے تیارہیں۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے ابھی تک عدالتوں سے کوئی ریلیف نہیں مانگا ہے، جام پور میں اویس لغاری کے صاحبزادے الیکشن لڑ رہے ہیں۔