سلمان خان کا پاکستان کی جاسوسی سے صاف انکار
ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان نے پاکستان کی جاسوسی پر مبنی فلم کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی اداکار سلمان خان نے بھارت کی انٹیلیجنس ایجنسی ’را‘ کے جاسوس رویندرا کوشک کی زندگی پر بننے والی بائیوپک ’بلیک ٹائیگر‘ میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی’ ٹائیگر‘ سیریز میں پہلے ہی بھارتی جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں اور انکی فلم بلاک بسٹر ہے اس لئے وہ کسی اور ایسی فلم کا حصہ نہیں بننا چاہتے جو جاسوسی پر مبنی ہو۔
رپورٹ کے طمابق سلمان خان نے اپنی ٹیم سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس فلم میں کام نہیں کریں گے۔
سلمان خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق بھی کی تھی کہ وہ بھارتی جاسوس رویندرا کوشک کی بائیوپک کیلئے ہدایتکار راجکمار گپتا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
سلمان خان کی جانب سے انکار کے بعد اس فلم کے جملہ حقوق مشہور بھارتی ہدایتکار انوراگ باسو نے خرید لیے ہیں جو مذکورہ فلم کو سلمان خان کی ٹائیگر سیریز سے مختلف بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ فلم کیلئے سُپر اسٹار سلمان خان کے انکار کے بعد ’را‘ کے جاسوس کی زندگی پر بننے والی بائیوپک ’بلیک ٹائیگر‘ میں مرکزی کردار کونسے بالی ووڈ اسٹار کو ملے گا اس کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے۔
واضح رہے کہ رویندرا کوشک ’را ‘کے جاسوس تھے جنہیں بھارتی وزیرِاعظم نے ’بلیک ٹائیگر‘ کا لقب دیا تھا رویندرا کوشک نے 1975 سے 1983 تک پاکستان کی جاسوسی کی جبکہ گرفتاری کے بعد 2001 میں میانوالی کے جیل میں ان کی موت ہوگئی