پاک فوج کا علاقائی امن کے لیے تحمل اور خودمختاری پر زور
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں قیامِ امن اور استحکام کی بنیاد باہمی تحمل، ذمہ دارانہ رویے اور ایک دوسرے کی خودمختاری کے احترام پر رکھی گئی ہے۔
شہدا کو خراج عقیدت
فورم نے وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہدا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور معصوم شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کہا گیا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد رہیں گی۔
آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انسدادِ دہشت گردی میں پیش رفت
انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے فورم نے کہا کہ ملک بھر میں انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں جاری کارروائیوں میں کمانڈرز اور فارمیشنز کی مستعدی اور کامیابیوں کو سراہا گیا۔
دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، ان کے معاون انفراسٹرکچر کی تباہی اور پاک سرزمین کو کسی بھی شرانگیز کارروائی سے پاک رکھنے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار کو جاری رکھا جائے گا۔
افغان طالبان پر سخت تنقید
فورم نے "آپریشن غضب للحق” کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کی مسلسل تباہی کا جائزہ لیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ افغان طالبان حکومت کی غیر منطقی اور گمراہ کن پالیسیوں کے تحت خوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔
یہ روش افغان عوام کے مفادات کے بھی منافی ہے اور طالبان حکومت اپنے ہی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
پاکستان پر جھوٹے الزامات کی مذمت
افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر افغان شہریوں کو نشانہ بنانے کے جھوٹے الزامات ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا اور مظلومیت کا ڈرامہ رچانا ہے۔
پاکستان ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ اس کی دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشت گرد ٹھکانوں اور ان کے معاون ڈھانچوں کے خلاف درست اہداف پر مرکوز ہیں۔
علاقائی صورتحال اور تحمل کی ضرورت
علاقائی سلامتی کی صورت حال پر غور کرتے ہوئے فورم نے کہا کہ ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت خطے کے استحکام کو گہرے طور پر متاثر کر سکتی ہے، اس لیے کشیدگی سے گریز اور تحمل انتہائی ضروری ہے۔
پاکستان مسلسل ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے خطے میں استحکام کی کوششوں کا حامی رہے گا اور حالات کو بگڑنے سے بچانے کی حمایت کرتا ہے۔
معرکہ حق: قومی اتحاد کی علامت
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے "معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی علامت ہے۔ قومی سطح پر اس کی یاد منانا بھارت کے متکبرانہ رویے کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد، مضبوط اور ہر چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت
فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، ماورائے عدالت قتل اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف کی ہدایات
آخر میں آرمی چیف نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر مستعدی اور آپریشنل تیاری کو بلند ترین سطح پر رکھیں اور روایتی و غیر روایتی دونوں طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بروقت، مربوط اور پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔