اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں رمضان کتابی نمائش اور سیمینار کا انعقاد
یوتھ ویژن نیوز : (شہزاد چوہدری سے) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی سر صادق محمد خان لائبریری میں رمضان کتابی نمائش اور خواتین و رمضان کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد، فیکلٹی اور طلبہ کی شرکت۔
بہاولپور: سر صادق محمد خان لائبریری، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ، ایس ڈی جیز کولیبریشن سنٹر اور النور فاؤنڈیشن کے تعاون سے ”ماہِ رمضان اور نورِ علم“ کے عنوان سے رمضان کتابی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، چیف لائبریرین ڈاکٹر عرفان طاہر، النور فاؤنڈیشن کی ٹیم اور تکمیل اسکوائر ڈی ایچ اے بہاولپور کے نمائندوں کے علاوہ فیکلٹی ممبران، محققین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
اس موقع پر فاطمہ جناح ویمن لیڈرشپ سینٹر اور ایس ڈی جیز کولیبریشن سنٹر نے النور فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جناح کارنر سر صادق محمد خان لائبریری میں ”خواتین اور رمضان“ کے موضوع پر ایک سیمینار بھی منعقد کیا۔
سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈاکٹر مریم عباس سہروردی، سعدیہ ہاشمی، ہما ایمبرین اور نگہت حمید نے خطاب کیا جبکہ یونیورسٹی کی خواتین فیکلٹی ممبران نے رمضان المبارک کے دوران خواتین کے کردار اور روحانی قوت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں پروفیسر عصمت درانی، پروفیسر مسرت واجد، پروفیسر ڈاکٹر ثمر فہد، ڈاکٹر سجیلہ کوثر، ڈاکٹر فرحانہ الطاف قریشی، ڈاکٹر ماہ بشریٰ اصغر، ڈاکٹر نووین جاوید، سمیرا عزیز، نائلہ گل، علینہ طارق اور عنبر حسین سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔
سیشنز میں روزے کی روحانی اہمیت، رمضان اور صلہ رحمی، رمضان اور قرآن، اور معاشرے میں ہمدرد اور مضبوط کمیونٹیز کی تشکیل میں خواتین کی سماجی و اخلاقی ذمہ داریوں جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
اپنے اختتامی کلمات میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے کہا کہ رمضان المبارک ایمان، کردار، رواداری اور سماجی و معاشی انصاف کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے اور یہ معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بناتا ہے۔