اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سموگ آگاہی واک اور سیمینار،ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم پیغام
یوتھ ویژن نیوز: (محکمہ تعلقاتِ عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) انسٹی ٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری، فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے سموگ سے متعلق آگاہی واک، سیمینار اور پوسٹر ڈسپلے کا مشترکہ انعقاد کیا گیا جس کا مقصد سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کرنا اور اس کے تدارک کے عملی اقدامات کو فروغ دینا تھا۔ اس پروگرام میں طلباء اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد میں شرکت نے یونیورسٹی کی ماحول دوست پالیسیوں اور ماحولیاتی صحت کے لیے مضبوط ادارہ جاتی عزم کو نمایاں کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے خطاب میں سموگ کے تدارک کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انٹی سموگ گاڑیوں کی فراہمی اور بڑے شہروں میں جدید Air Quality Index (AQI) مانیٹرنگ آلات کی تنصیب قابل تحسین اقدام ہے، جس سے شہروں میں سموگ میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بھی جدید ترین دو ایئر کوالٹی مانیٹرنگ مشینیں نصب کی ہیں، جن میں ایک بغدادالجدید کیمپس اور دوسری عباسیہ کیمپس میں نصب کی گئی ہے تاکہ شہر کی فضائی آلودگی کی درست اور مسلسل نگرانی کی جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں : سموگ فضا میں پھیلتا ہوا خاموش قاتل
تقریب سے ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری پروفیسر ڈاکٹر غلام حسن عباسی نے بھی خطاب کیا اور سموگ کے ذرائع، نقصانات اور سائنسی بنیادوں پر اس کے تدارک کے لیے جدید طریقہ کار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
سیمینار کے بعد منعقدہ آگاہی واک میں طلباء نے سموگ سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جبکہ آخر میں اسٹوڈنٹس کے تیار کردہ پوسٹرز کی نمائش کی گئی جن میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اختراعی، پائیدار اور قابلِ عمل تجاویز کو نمایاں کیا گیا۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد اور پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم ملغانی نے پنجاب حکومت کے سموگ کنٹرول پروگرام پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں سموگ پھیلانے والی بوزر گاڑیوں کی نشاندہی، مسلسل مانیٹرنگ اور فیلڈ چیکنگ کے نظام کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔