توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنادی۔ عدالت کے مطابق دونوں کو مختلف دفعات کے تحت 10،10 اور 7،7 سال قید کے ساتھ فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں : سزا کے بعد عمران خان کا پہلا ردعمل، مسکراتے ہوئے اپیل دائر کرنے کی ہدایت
خصوصی جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں فیصلہ سنایا، جہاں ملزمان موجود تھے تاہم ان کے وکلا عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ کیس میں الزام تھا کہ 2021 میں موصول ہونے والا قیمتی بلغاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے کم قیمت ظاہر کیا گیا اور اصل مالیت چھپائی گئی، جسے ایف آئی اے نے ریکارڈ اور شواہد کے ذریعے ثابت کرنے کی کوشش کی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق نیب اور بعد ازاں ایف آئی اے نے اس مقدمے کی تفتیش کی، جس کا ٹرائل تقریباً ایک سال اڈیالہ جیل میں جاری رہا۔ استغاثہ کے مطابق جیولری سیٹ کی مالیت سات کروڑ روپے سے زائد تھی، جبکہ دفاع نے الزامات کی تردید کی۔ فیصلے کے بعد قانونی و سیاسی حلقوں میں اس مقدمے پر بحث اور ممکنہ اپیل سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔