وزیر اعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر کی ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، عالمی پیش رفت، دوطرفہ تعلقات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی یہ ملاقات نہایت دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں امیری دیوان میں ہوئی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دوسری جانب امیرِ قطر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور امن پر زور
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بالخصوص مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور سفارتی ہم آہنگی پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی سطح پر مربوط سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
ذرائع کے مطابق بات چیت میں توانائی کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے، عالمی منڈیوں کے استحکام اور خطے میں کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات پر بھی غور کیا گیا۔
سکیورٹی، دفاع اور توانائی تعاون
وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر نے پاکستان قطر دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اعلیٰ سطحی وفود کی شرکت
قطری وفد میں وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، امیری دیوان کے سربراہ عبداللہ بن محمد الخلیفی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔
بعد ازاں امیرِ قطر اور وزیراعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر امیرِ قطر نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔