حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (یوتھ ویژن نیوز) – حکومت نے عید کے تیسرے دن عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کر دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ اس وعدے پر عمل کرتے ہوئے اب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا تھا، اور مشکل حالات میں بھی ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے ایندھن پر سبسڈی فراہم کی گئی۔

عالمی بحران میں پاکستان کا مؤقف

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جب خطے کے دیگر ممالک میں پیٹرول کے لیے قطاریں لگ رہی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بروقت اقدامات کی بدولت عوام کو پیٹرول اور ڈیزل بآسانی دستیاب رہا۔ عالمی تیل کے بدترین بحران کے دوران قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم نے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق، 22 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

گزشتہ ہفتوں میں قیمتوں میں کمی کا سلسلہ

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد یہ قیمتیں بالترتیب 403.78 اور 402.78 روپے فی لیٹر تھیں۔ اس سے قبل 15 مئی کو 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پیٹرول 409.78 اور ڈیزل 409.58 روپے فی لیٹر تھا۔

اس طرح تین ہفتوں میں پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 28 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 28.80 روپے فی لیٹر کی کمی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں