کراچی گل پلازہ آتشزدگی، آگ پر قابو، 15 جاں بحق، 73 افراد تاحال لاپتہ
یوتھ ویژن نیوز : (صائمہ معظم سے) کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ پر فائر بریگیڈ نے طویل جدوجہد کے بعد مکمل طور پر قابو پا لیا ہے۔ اس افسوسناک سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم 73 افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ ہفتے کی رات تقریباً سوا دس بجے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے اور اندر موجود سینکڑوں دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں : وزیرِ اعظم کاگل پلازہ کراچی میں آگ پر اظہار افسوس
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے کیونکہ دورانِ کولنگ بعض مقامات پر دوبارہ شعلے بھڑک اٹھتے ہیں۔ فائر آفیسر کے مطابق گل پلازہ کی عمارت پہلے ہی خستہ حال تھی، جس کے باعث آگ پر قابو پانے میں غیر معمولی مشکلات پیش آئیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ کے باعث عمارت کے پلرز شدید طور پر کمزور ہو چکے ہیں اور عمارت انتہائی مخدوش حالت میں ہے، جو کسی بھی وقت مزید گر سکتی ہے۔ اسی وجہ سے ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کے عمل میں احتیاط برتی جا رہی ہے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق اس سانحے میں گل پلازہ کی تقریباً 1200 دکانیں مکمل طور پر جل گئیں، جبکہ مالی نقصان کا تخمینہ تین ارب روپے کے قریب لگایا جا رہا ہے۔ متاثرہ تاجروں کو بھاری معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں شدید غم و اضطراب پایا جاتا ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے پرانی تجارتی عمارتوں کی فائر سیفٹی، حفاظتی انتظامات اور ہنگامی ردِعمل کے نظام پر بھی سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش مکمل ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔