لودھراں میں بارشوں سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ متحرک، ڈپٹی کمشنر کا فوری نکاسی آب یقینی بنانے کا حکم

لودھراں میں بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) لودھراں میں متوقع بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے فوری نکاسی آب، مشینری کی فعالیت اور نشیبی علاقوں میں پانی نہ کھڑا ہونے کی ہدایات جاری کر دیں۔

لودھراں: ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے متوقع بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں بارشی پانی کی فوری اور مؤثر نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا نظر نہیں آنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، چیف آفیسرز عمر مختار اور سید مصلح الدین، ایکسین محمد شفیق، منیجنگ ڈائریکٹر واسا جاوید اختر، ڈسٹرکٹ آفیسر انفارمیشن محمد محسن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

لودھراں میں سرکاری فیسوں کی وصولی اور ایگزیکٹو واش رومز کی تعمیر کا جائزہ

اجلاس میں مون سون بارشوں کی پیش گوئیوں کے تناظر میں نکاسی آب کے انتظامات، دستیاب مشینری اور افرادی قوت کے مؤثر استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر شہر کا دورہ کریں اور فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے کاموں کی خود نگرانی کریں تاکہ کسی بھی کوتاہی کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ڈی واٹرنگ سیٹس، موٹرز اور دیگر مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی مشینری اور افرادی قوت کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مستقل بنیادوں پر بارشی پانی کے مسئلے کے حل کے لیے شاہراہوں پر نکاسی آب کے پائیدار نظام کے قیام اور متعلقہ پائپ ورک کے آغاز کی بھی ہدایت کی، جبکہ واٹر ریچارجنگ ویلز کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو بھی نکاسی آب کے عمل میں شامل کیا جائے تاکہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر شہر کو صاف اور محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مشینری کی خریداری اور اضافی افرادی قوت کی تعیناتی سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ بارشوں کی صورت میں فوری ردعمل ممکن ہو۔ انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ شہریوں کے تحفظ اور سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کے نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں