خیبرپختونخوا آپریشنز پر صدر اور وزیراعظم کا خراجِ تحسین
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک، صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
اسلام آباد : آصف علی زرداری اور محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری قومی جدوجہد میں یہ آپریشنز ایک اہم پیش رفت ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں دو کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ صرف ریاستی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد ہے جس میں قومی اتفاقِ رائے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی بنیادی حیثیت رکھتی ہے، دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری، بروقت انٹیلی جنس اور مؤثر حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان آپریشنز نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی افواج جدید چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں.
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔