عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ کا اعلان، سعودی وزارت حج و عمرہ کی نئی ہدایات جاری
یوتھ ویژن نیوز : (قاری عاشق حُسین سے) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے موجودہ عمرہ سیزن کے حوالے سے اہم انتظامی شیڈول جاری کرتے ہوئے عمرہ ویزوں کے اجرا، زائرین کے مملکت میں داخلے اور ان کی واپسی کی حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق عمرہ ویزے جاری کرنے کا آخری دن یکم شوال مقرر کیا گیا ہے جبکہ تمام عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 شوال سے پہلے سعودی عرب میں داخل ہو جائیں۔ اس کے علاوہ عمرہ زائرین کے لیے مملکت چھوڑنے کی آخری تاریخ یکم ذوالقعدہ مقرر کی گئی ہے۔
یہ اعلان وزارت حج و عمرہ اور سعودی عمرہ کمپنیوں کے درمیان ہونے والی سترہویں مسلسل ورچوئل میٹنگ کے دوران سامنے آیا۔ اجلاس میں عمرہ سیزن کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ انتظامی امور میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زائرین کے سفر کو منظم بنانے کے لیے مقررہ تاریخوں کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔
مسجد نبویؐ میں افطار دسترخوان کے لیے پرمٹس کا اعلان
اجلاس کے دوران حکام نے واضح کیا کہ حج کا فریضہ صرف باقاعدہ حج ویزے کے ذریعے ہی ادا کیا جا سکتا ہے اور عمرہ ویزے کو حج کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزارت کے مطابق اس حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے بھی حج 2026 کے انتظامات کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بین الاقوامی صورتحال کے باوجود حج انتظامات مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں اور عازمین کے ویزوں کا اجرا تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حج پروازوں کا شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین کے قیام، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج سے متعلق مستند معلومات کے لیے ‘پاک حج ایپ’ یا وزارت کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
اسی تناظر میں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 کے تحت حج کوٹے کی تقسیم میں بھی اہم تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ نئی پالیسی کے مطابق سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ بڑھا کر 70 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد حج انتظامات میں شفافیت، بہتر نگرانی اور عازمین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کے لیے مجموعی حج کوٹہ 179,210 تھا، جسے سرکاری اور نجی شعبوں میں برابر تقسیم کیا گیا تھا، تاہم انتظامی مسائل کے باعث 67 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہ گئے تھے۔