ٹرمپ کی پالیسی نے بازی پلٹ دی، پاکستان آگے بھارت پیچھے

ٹرمپ کی نئی خارجہ پالیسی پر فارن پالیسی رپورٹ، پاکستان وِنر اور بھارت لوزر قرار

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) فارن پالیسی کے مطابق ٹرمپ کی نئی خارجہ پالیسی میں پاکستان وِنر، بھارت لوزر، واشنگٹن میں پاکستان کا اسٹریٹجک کم بیک۔

اسلام آباد: (یوتھ وژن) دنیا کے معتبر امریکی جریدے فارن پالیسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کی خارجہ پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کو واضح طور پر ’’وِنر‘‘ جبکہ بھارت کو ’’لوزر‘‘ قرار دے دیا ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان نے واشنگٹن میں خاموش مگر فیصلہ کن اسٹریٹجک کم بیک کیا اور وہ اعتماد و رسائی حاصل کی جو کئی قریبی اتحادی بھی نہ کر سکے۔

امریکی پالیسی حلقوں میں پاکستان ایک بار پھر قابلِ قدر اور کارآمد شراکت دار کے طور پر ابھرا، رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی سمارٹ اور ٹرانزیکشنل سفارت کاری نے واشنگٹن میں طاقت کا توازن اسلام آباد کے حق میں موڑ دیا جبکہ دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری میں پاکستان کے کردار نے ٹرمپ انتظامیہ کو فوری سفارتی کامیابی دی، فارن پالیسی کے مطابق اہم معدنیات، کرپٹو کرنسی اور دوطرفہ سودوں پر بات چیت بھی پاک امریکا روابط کا حصہ بنی.

رپورٹ میں اس پیش رفت کی ایک بڑی وجہ پاکستان کی عسکری قیادت بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار قرار دیا گیا جن کی قیادت نے واشنگٹن میں پاکستان کی آواز کو وزن دیا، اوول آفس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی موجودگی میں شہباز شریف اور عسکری قیادت کا استقبال بھی اسی پیش رفت کی علامت بتایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات ایک بار پھر مثبت سمت میں گامزن ہیں، اس کے برعکس بھارت کے امریکا سے تعلقات دو دہائیوں کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں جہاں روسی تیل کی خریداری، تجارتی پالیسیوں پر اختلاف اور 50 فیصد ٹیرف نے نئی دہلی کو دفاعی پوزیشن میں دھکیل دیا ہے، یوں ٹرمپ دور میں پاکستان سفارتی برتری کے ساتھ آگے جبکہ بھارت دباؤ اور سرد مہری کا شکار دکھائی دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں