کالعدم ٹی ایل پی کے متعدد رہنماؤں نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا

کالعدم ٹی ایل پی سے علیحدگی، متعدد رہنماؤں نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا

یوتھ ویژن نیوز : (قاری عاشق حُسین سے) کالعدم ٹی ایل پی سے علیحدگی، متعدد رہنماؤں نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں کالعدم مذہبی و سیاسی تنظیم تحریک لبیک پاکستان سے وابستہ متعدد رہنماؤں نے پارٹی سے علیحدگی اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے، رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے پُرامن اور تعمیری طریقے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی شوریٰ کے بعض فیصلوں سے نہ صرف داخلی انتشار پیدا ہوا بلکہ ان فیصلوں نے پاکستان کے دشمن بھارت کو بھی پروپیگنڈا کا موقع فراہم کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ انتشار پر مبنی کسی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتے۔

پریس کانفرنس میں شوریٰ رکن شبیر احمد، امجد نعیم، ناظمِ اعلیٰ محمد وقاص، محمد ظہیر اور دیگر شریک تھے، اس موقع پر محمد ندیم نے کہا کہ تمام رہنماؤں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اب ان کا نہ ٹی ایل پی سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی سیاست سے، انہوں نے کہا کہ ان کا اصل تعلق تعلیم کے شعبے سے ہے اور وہ اسی میدان میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد شوریٰ کے اندر بعض ایسے فیصلے کیے گئے جن سے وہ اتفاق نہیں کرتے، ان فیصلوں کے باعث تنظیم کی ساکھ متاثر ہوئی اور منفی تاثر پیدا ہوا، اسی بنا پر انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں