ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو بڑا دھچکا، بھارت 61 رنز سے فاتح

کولمبو اسٹیڈیم میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران بھارتی باؤلر وکٹ لینے کے بعد جشن منا رہے ہیں۔

یوتھ ویژن نیوز : (سپورٹس ذرائع) آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن دباؤ برداشت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی، یوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک اور پاک بھارت مقابلہ بھارتی ٹیم کے نام رہا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گرنے سے ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ محمد عثمان 44 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان 14، فہیم اشرف 10 اور صائم ایوب 6 رنز بنا سکے، جب کہ بابر اعظم 5، کپتان سلمان آغا 4 اور محمد نواز 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ عثمان طارق، ابرار احمد اور صاحبزادہ فرحان کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔

ٹی20 ورلڈ کپ پاکستان اور بھارت کے میچ پر بارش کے سائے، شائقین میں تشویش

اس سے قبل بھارت نے مقررہ اوورز میں 175 رنز بنائے تھے اور پاکستانی بولرز کو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ بھارتی باؤلرز نے دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ ہاردک پانڈیا، ورون چکرورتی، اکشر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادو اور تلک ورما نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق میچ کے اہم لمحات میں وکٹوں کا تسلسل سے گرنا پاکستان کی شکست کی بنیادی وجہ بنا، جبکہ بھارتی باؤلنگ اٹیک نے پاور پلے اور مڈل اوورز میں مؤثر کارکردگی دکھائی۔ اس نتیجے کے بعد گروپ اسٹیج میں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال مزید دلچسپ ہوگئی ہے اور دونوں ٹیموں کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات پر بحث جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں