گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو مفت پلاٹ دینے کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز : (عمران قذافی سے) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ خاندانوں کو مفت پلاٹ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ دہائیوں سے ناانصافی ہو رہی ہے اور اب مزید خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے ٹیکس کی مد میں اربوں روپے جمع کیے جاتے ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ یہی وسائل شہر پر خرچ نہیں ہوتے، جس کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں انتظامیہ کے پاس جانیں بچانے کے لیے مناسب سہولیات تک موجود نہیں ہوتیں۔
سانحہ گل پلازہ: گورنر سندھ کی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے جوڈیشل کمیشن کی درخواست
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ خود کراچی کے معاملات میں فیصلہ سازی کریں، اور اگر وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہیں تو گورنر ہاؤس شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
سانحہ گل پلازہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ڈیڑھ، ڈیڑھ کلو راکھ دی گئی، جو اس شہر کے ساتھ روا رکھے گئے سوتیلے سلوک کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی، مگر انتظامیہ کی بے حسی نے اس سانحے کو مزید دلخراش بنا دیا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی سے جمع ہونے والے ٹیکس کا پانچ فیصد بھی اگر شہر پر خرچ ہو جائے تو ایسے سانحات سے بچا جا سکتا ہے، مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے کوئی سنجیدہ منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ گل پلازہ سانحے کے ذمہ دار متعلقہ حکومتی ادارے، یوسی ناظم، ٹاؤن ناظم اور میئر کراچی ہیں، اور عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ان سے جواب طلب کریں۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید بتایا کہ انہوں نے مختلف بلڈرز سے رابطہ کیا ہے تاکہ متاثرین کو بلا معاوضہ پلاٹ فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔