پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں کیلئے سخت نئے قواعد نافذ

پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں کیلئے سخت نئے قوانین نافذ

یوتھ ویژن نیوز: پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے سخت دستاویزی شرائط نافذ کر دی ہیں۔ محکمہ کے مطابق صرف وہی درخواست دہندگان اہل ہوں گے جو اصل اور تصدیق شدہ دستاویزات جمع کرائیں گے، جبکہ مشکل کی بنیاد پر ٹرانسفر لینے والے اساتذہ کے لیے اضافی قواعد لاگو ہوں گے۔

مشکل کی بنیاد پر ٹرانسفر کے نئے تقاضے
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ مشکل کی بنیاد پر درخواست دینے والے اساتذہ کو نادرا کا جاری کردہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) لازمی فراہم کرنا ہوگا، جبکہ ایسے معاملات میں جہاں طلاق یا علیحدگی ہو، سرکاری طلاق سرٹیفکیٹ بھی مطلوب ہوگا۔

طبی بنیاد اور بیوہ اساتذہ کے لیے شرائط سخت
طبی بنیاد پر ٹرانسفر کے لیے اب صرف سروسز ہسپتال سے جاری کردہ مستند میڈیکل سرٹیفکیٹ ہی قابلِ قبول ہوگا۔ بیوہ اساتذہ کو اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے شوہر کا اصل ڈیتھ سرٹیفکیٹ فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جعلی دستاویزات جمع کرانے پر سخت کارروائی
محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ صرف اصلی دستاویزات ہی قابلِ قبول ہوں گی اور کسی بھی جعلی یا مشکوک دستاویز جمع کرانے کی صورت میں متعلقہ استاد کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ کے مطابق نئے سخت تقاضے شفافیت، میرٹ اور نظام میں بے قاعدگیوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں