وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکمانستان روانہ
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکمانستان روانہ، عالمی فورم میں شرکت اور ترکمانستانی صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد 2025، عالمی دنِ غیر جانبداری اور ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران ترکمانستان کے صدر سمیت فورم میں شریک عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں علاقائی تعاون، توانائی کے منصوبوں اور باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت متوقع ہے۔ دورے میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر بجلی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونین خصوصی طارق فاطمی اور طلحہ برکی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔