وزیراعظم کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف اور ترکمان صدر نے ملاقات میں تجارت، توانائی اور علاقائی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اشک آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30ویں سالگرہ اور 2025 کو امن و اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دیے جانے پر ترکمان صدر کو مبارکباد پیش کی۔
ملاقات میں تجارتی و اقتصادی روابط بڑھانے، زمینی و سمندری راستوں سے رابطے وسعت دینے اور علاقائی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے ایران–اسرائیل تنازع کے دوران پاکستانی شہریوں کے انخلا میں ترکمان تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کراچی و گوادر کی بندرگاہوں کو خطے کے لیے اہم تجارتی راستہ قرار دیتے ہوئے مشترکہ استفادے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے
وزیراعظم نے ترکمان قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سال ترکمان صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی۔ ترکمان صدر نے فورم میں شرکت اور باہمی تعلقات کے لیے پاکستان کے جذبے کو سراہا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر توانائی اویس لغاری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔