وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ
یوتھ ویژن نیوز: (اسپورٹس ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ عشائیے کے دوران وزیراعظم نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور کھیلوں کی سفارت کاری کو فروغ دینے کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات مختلف سطحوں پر نہایت خوشگوار ہیں، اور کرکٹ ان رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاری سیریز دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھائی چارے، محبت اور امن کے پیغام کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوشگوار قیام کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور کرکٹ ان کے خون میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ آئندہ میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ مختلف ممالک کے عوام کے درمیان قربت اور تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پی آئی اے کی اسلام آباد تا مانچسٹر براہِ راست پروازوں کے آغاز پر قوم کو مبارکباد
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صلاحیتوں پر انہیں مکمل اعتماد ہے، اور ان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور عالمی سطح کے ایونٹس کی میزبانی کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کے لیے محفوظ اور خوش آئند ماحول فراہم کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ کو صرف مقابلے کے جذبے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے بھائی چارے، امن اور عوامی روابط کے فروغ کا ذریعہ بنایا جائے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے عشائیے میں گفتگو کے دوران پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں پاکستان میں کھیلنے کا موقع ملنا خوشگوار تجربہ رہا۔ انہوں نے پاکستانی شائقین کی محبت، مہمان نوازی اور سپورٹ کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔ عشائیے میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال، محسن نقوی، عطا تارڑ سمیت پی سی بی کے اعلیٰ افسران اور کھیلوں کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے تقریب کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ کھیلوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ تعلقات آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور یہ سلسلہ نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا۔