پاکستان اور برطانیہ کا 35 ملین پاؤنڈ کا گرین کمپیکٹ معاہدہ
یوتھ ویژن نیوز : (خصؤصی رپورٹ برائے علی رضا سے) پاکستان اور برطانیہ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 35 ملین پاؤنڈ کے گرین کمپیکٹ پر دستخط کر دیے، صاف توانائی اور مینگرووز کو فروغ۔
پاکستان اور برطانیہ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 35 ملین پاؤنڈ کے یوکے–پاکستان گرین کمپیکٹ پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد موسمیاتی لچک بڑھانا اور صاف توانائی کے فروغ کو تیز کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت قدرتی حل، بالخصوص مینگرووز کے تحفظ اور بحالی، کو بھی ترجیح دی جائے گی تاکہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹا جا سکے۔
یہ معاہدہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی جینیفر چیپمین نے دستخط کر کے نافذ کیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کو درپیش سیلاب، شدید گرمی اور پانی کی قلت جیسے مسائل کے تناظر میں پالیسی سطح کے اعلانات سے عملی اقدامات کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
گرین کمپیکٹ کے تحت شمسی اور ہوائی توانائی کے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا، موسمیاتی فنانس کو متحرک کیا جائے گا اور نوجوانوں و اختراعات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مشترکہ کوششوں سے نہ صرف کمزور طبقات کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ پاکستان کو گرین سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور قابلِ اعتماد ملک بنانے میں بھی مدد ملے گی۔