شمالی وزیرستان، نوشکی میں آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک، میجر شہید

شمالی وزیرستان اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی نمائندہ تصویر

شمالی وزیرستان اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

یوتھ ویژن نیوز :(اسلام آباد)۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر میجر حافظ احسان الٰہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

شمالی وزیرستان اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی نمائندہ تصویر

آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی اپنے جوانوں کی فرنٹ لائن سے قیادت کر رہے تھے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں انہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ فوجی ترجمان نے انہیں ایک نڈر، پیشہ ور اور فرض شناس افسر قرار دیا جنہوں نے اپنی قیادت اور جرات سے جوانوں کا حوصلہ بلند رکھا۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا اور رہے گا،: ڈی جی آئی ایس پی آر

کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔

فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ موجود کسی بھی دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

نوشکی میں بھی بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب خفیہ اطلاعات پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے وابستہ سات دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمین گاہ کی نشاندہی کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گھیر لیا اور کامیاب آپریشن کے ذریعے تمام دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی محفوظ طریقے سے تباہ کر دیا گیا تاکہ اسے مستقبل میں کسی دہشت گرد کارروائی کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ نوشکی کے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

فوجی ترجمان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گے۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کے امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا، جبکہ میجر حافظ احسان الٰہی سمیت شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں