نواز شریف سینٹر آف ایمیننس: 2 لاکھ ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں کو بھی مفت تعلیم، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے

یوتھ ویژن نیوز : (لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں نواز شریف سینٹر آف ایمیننس منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں قائم 65 سینٹرز میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ 14 اگست تک پنجاب بھر میں 114 نواز شریف سینٹر آف ایمیننس کو فعال بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ستمبر 2026 تک صوبے بھر میں 300 سینٹر آف ایمیننس مکمل کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے۔

2 لاکھ روپے آمدن والے والدین بھی فیس سے مستثنیٰ

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایسے والدین جن کی ماہانہ آمدن 2 لاکھ روپے تک ہے، ان کے بچوں سے بھی کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ مکمل فیس ادا کرنے کی استطاعت رکھنے والے طلبہ کے لیے 10 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

ہر کلاس میں صرف 30 طلبہ

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف سینٹر آف ایمیننس کو عالمی معیار کے مطابق قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ہر کلاس میں صرف 30 طلبہ ہوں گے تاکہ ہر طالب علم پر انفرادی توجہ دی جا سکے۔ اداروں میں بہترین اساتذہ، جدید تعلیمی سہولیات اور معیاری تدریسی ماحول فراہم کیا جائے گا، جبکہ محروم طبقے کے بچوں کے لیے تعلیم مکمل طور پر مفت ہوگی۔

سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، مریم نواز

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سینٹر آف ایمیننس پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلوں کے لیے طلبہ کی غیر معمولی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں نواز شریف سینٹر آف ایمیننس قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے کے ہر بچے کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور منصوبے کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں