اسلام آباد میں شنگھائی ماڈل کے تحت ترقی کے اقدامات کا جائزہ

وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں شنگھائی ماڈل کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے

یوتھ ویژن نیوز : (سید نعمان شاہ سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کو شنگھائی ماڈل کے تحت ترقی دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا، شہر کی ماسٹر پلاننگ اور جدید سہولیات پر توجہ دی گئی۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے شنگھائی کے شہری منصوبہ بندی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں شہر کے ماسٹر پلان، ترقیاتی اقدامات اور شہری سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شنگھائی کے ماہرین نے وزیر داخلہ کو جدید ٹیکنالوجی اور مربوط شہری نظام کے حوالے سے ویڈیوز اور ماڈلز کے ذریعے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے شنگھائی میں جدید سہولیات سے آراستہ سٹیڈیم اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کے ماڈلز کا معائنہ کیا اور شہر کے منظم اور فول پروف ترقیاتی نظام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی کا ماڈل تیز رفتار ترقی کا روشن نمونہ ہے اور ہر شہر کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

محسن نقوی نے اسلام آباد کو بھی شنگھائی کے طرز پر ترقی دینے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور اپنے تاثرات وزیٹرز بک میں درج کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ماسٹر پلاننگ، شہری سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر کو مربوط انداز میں ترقی دینے سے شہری معیار زندگی میں بہتری آئے گی اور معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے، جنہوں نے وزیر داخلہ کے ساتھ شہر کی ترقی اور شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ اسلام آباد میں جدید شہری انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر کو شنگھائی ماڈل کے مطابق ترقی دی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں