نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی وزیر لیو ہائیشنگ سے ملاقات

بیجنگ میں نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار وزیر لیو ہائیشنگ سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے ہیں۔

یوتھ ویژن نیوز: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر مسٹر لیو ہائیشنگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے پاک–چین دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پارٹی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال، اور چین–پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کو باہمی تعاون کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس کے تحت جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے وزیر لیو ہائیشنگ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور چین کی ترقی و استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان اور باوقار انداز میں منانے، اور پاک–چین اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا، جس سے دونوں ممالک کے عوام میں دوستانہ روابط مزید مستحکم ہوں گے اور خطے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں