افغان طالبان اپنی سرزمین سے پاکستان پر حملے روکیں، جنگ کی کوئی گنجائش نہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پی ایم اے کاکول میں 152ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان رجیم کو چاہیے کہ وہ ان پراکسی گروپوں کو قابو میں لائے جن کے ٹھکانے افغانستان میں ہیں اور جو وہاں کی سرزمین کو پاکستان کے اندر دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری ماحول میں کسی بھی جنگ کے لیے کوئی گنجائش نہیں، پاکستان اپنی مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی کسی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دے گا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے، اور وہ بنگلہ دیش، عراق، مالی، مالدیپ، نائیجیریا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا اور یمن کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے آج تک افواجِ پاکستان نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ وطنِ عزیز کے بیرونی اور اندرونی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے رافیل طیارے گرائے، دشمن کے متعدد اہداف بشمول ایس-400 نظام کو نشانہ بنایا اور ملٹی ڈومین وارفیئر میں اپنی برتری ثابت کی۔

بھارت کو واضح پیغام: ”نیوکلیئر ماحول میں جنگ تباہ کن ثابت ہوگی“

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے اپنی سیاسی مفادات کے لیے دہشت گردی کو رنگ دیا اور الزام تراشی کے ذریعے بین الاقوامی تحقیقات سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، جس میں روایتی اور غیر روایتی دونوں میدانوں کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ فیلڈ مارشل نے خبردار کیا کہ اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کو اس کی توقعات سے زیادہ سخت جواب دے گا، پاکستان کے ہتھیار دشمن کی جغرافیائی وسعت کے جھوٹے اطمینان کو مٹا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کی صورت میں بھارت کو پہنچنے والے فوجی اور اقتصادی نقصانات اس کی توقع سے کئی گنا زیادہ ہوں گے، لہٰذا بھارتی فوجی قیادت کو سمجھ لینا چاہیے کہ نیوکلیئر ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے مسائل کا حل برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر چاہتا ہے، تاہم کسی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

”افغان سرزمین سے دہشت گردی کا استعمال انتہائی تشویشناک ہے“

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے عوام سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ تشدد کے بجائے امن و استحکام کا راستہ اختیار کریں۔ طالبان حکومت کو ان گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے جو پاکستان کے اندر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور مسلح افواج عوام کے تعاون سے اس لعنت کو ضرور شکست دیں گے، خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی قربانیاں لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کشمیر پر موقف اصولی ہے اور وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازعے کے حل تک اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی جبر کا خاتمہ ہونا چاہیے، کشمیری کب تک اپنے بنیادی حقِ خود ارادیت سے محروم رہیں گے۔ فیلڈ مارشل نے فلسطین کے مسئلے پر بھی پاکستان کے اصولی موقف کو دہرایا کہ دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کا راستہ ہے، 1967 کی سرحدوں پر القدس شریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدے سے مسلم بھائی چارے کو مزید مضبوط بنایا ہے، یہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم قدم ہے۔ چین کے ساتھ تاریخی دوستی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران سمیت دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنا رہا ہے، جبکہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی بھی ایک مثبت پیش رفت ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی افواج کا کردار دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن آج بھی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، مگر قوم اور فوج کا اتحاد فولادی دیوار کی طرح مضبوط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سے محتاط رہنا ضروری ہے، کیونکہ Post Truth دور میں آدھے سچ اکثر حقیقت سے زیادہ اثر رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے نوجوان افسران کو نصیحت کی کہ اپنی زندگی کو شہداء کی یاد کے مطابق بنائیں اور اپنے کردار، تربیت، نظم و ضبط اور اخلاقی قیادت کو اپنی پہچان بنائیں۔ انہوں نے قرآن پاک کی سورۃ الصف کی آیت “بے شک اللہ ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف باندھ کر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پرچم انشاءاللہ ہمیشہ بلند رہے گا کیونکہ اس قوم کے محافظ کبھی ناکام نہیں ہوتے۔ آخر میں فیلڈ مارشل نے پاسنگ آؤٹ کرنے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں