حکومت کا بڑا فیصلہ، ملک بھر میں دکانوں پر ڈیجیٹل ادائیگی لازمی قرار
یوتھ ویژن نیوز : (عمران قذافی سے) حکومت کا بڑا فیصلہ، ملک بھر کی دکانوں پر ڈیجیٹل ادائیگی اور QR کوڈ لازمی قرار۔
اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے کیش لیس پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر کے ریٹیل آؤٹ لیٹس، دکانوں اور خوردہ فروشوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کا کم از کم ایک طریقہ لازمی قرار دے دیا ہے، جس میں بالخصوص کیو آر (QR) کوڈ سسٹمز شامل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد نقدی پر انحصار کم کرنا، مالی شفافیت کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق ہر ریٹیل آؤٹ لیٹ کو صارفین کے لیے کم از کم ایک ڈیجیٹل پیمنٹ آپشن فراہم کرنا ہو گا، جس میں راست (RAAST) کیو آر کوڈ یا دیگر منظور شدہ ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے شامل ہوں گے۔ اس اقدام کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا تاکہ کاروباری طبقہ نئے نظام سے ہم آہنگ ہو سکے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہار کیانی نے پالیسی مباحثے کے دوران بتایا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانونی فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ اس فیصلے کو مستقل بنیادوں پر نافذ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام معیشت کو دستاویزی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق اس پالیسی کے نفاذ سے کیش لیس ادائیگیوں کا رجحان بڑھے گا، ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہو گی اور غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی نگرانی ممکن بنائی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مالی نظام میں شفافیت آئے گی اور ریاستی محصولات میں اضافے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو اپنانا لازم ہو گا، جبکہ اس پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ادارے قانونی کارروائی بھی کر سکتے ہیں۔ یہ پالیسی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈیجیٹل فنانس حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت مالی شمولیت بڑھانے اور جدید ادائیگی نظام کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے صارفین کو نقدی کے بغیر آسان اور محفوظ خریداری کی سہولت میسر آئے گی، کاروباری لین دین میں شفافیت بڑھے گی اور پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی جانب ایک اور اہم قدم آگے بڑھائے گا۔