دالبندین اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس

Alt: دالبندین میں زلزلے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، علاقے میں خوف و ہراس کی کیفیت

یوتھ ویژن نیوز : (عمران قذافی سے) بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع شہر دالبندین اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ احتیاطی تدابیر کے تحت گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 66 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز دالبندین سے تقریباً 47 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا، جس کے باعث دالبندین کے علاوہ قریبی دیہی علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے دوران گھروں میں موجود اشیاء ہلنے لگیں جس پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات کی جانب نکل آئے۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے جہاں ماضی میں مختلف شدت کے زلزلے آتے رہے ہیں، اسی تناظر میں ماہرین شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں۔ حکام کے مطابق اگر بعد ازاں کسی نقصان کی اطلاع سامنے آئی تو عوام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں