چترال میں برفانی تودہ گرنے پر صدر آصف علی زرداری کا اظہارِ افسوس

چترال میں برفانی تودہ کا منظر، صدر آصف علی زرداری کی تعزیت اور امدادی اقدامات کی ہدایت

یوتھ ویژن نیوز : (سید نعمان شاہ سے) صدر آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے پر انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور امدادی اقدامات کی ہدایت کی۔

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق، صدر زرداری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور مرحومین کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر نے کہا کہ شدید بارش، برف باری اور اچانک شدید سردی موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی علامات ہیں، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی نشاندہی کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق پیشگی تیاری اور مؤثر حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چترال میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ، وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس

صدر نے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی اقدامات فوری طور پر تیز کیے جائیں اور عوام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا تاکہ بروقت معلومات فراہم کی جائیں اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

صدر آصف علی زرداری کا یہ پیغام ایک واضح اشارہ ہے کہ ریاستی ادارے انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں بروقت ردعمل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ علاوہ ازیں، صدر نے عوام پر زور دیا کہ وہ حفاظتی اقدامات اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں