بلاول بھٹو زرداری کی کشمیری عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا مطالبہ
یوتھ ویژن نیوز : ( اسلام آباد) -چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور انداز میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں تو انہیں گھروں سے نکل کر حقِ رائے دہی استعمال کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ تیر کے نشان پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں، بلاول بھٹو زرداری
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر عوام چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں تو انہیں انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں، ووٹ ڈالیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ کشمیری عوام کی آواز مزید مضبوط ہو۔
الیکشن کا بائیکاٹ کبھی کامیاب نہیں ہوا
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت کے تجربے کے مطابق کسی بھی الیکشن کا بائیکاٹ کبھی کامیاب حکمت عملی ثابت نہیں ہوا، اس لیے تمام ووٹرز کو چاہیے کہ وہ اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں تاکہ عوامی رائے حقیقی معنوں میں سامنے آ سکے۔
حقوق کے حصول کے لیے ووٹ ڈالنے کی اپیل
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر عوام اپنے حقوق، حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور سچ و مفاہمتی کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تو انہیں ووٹ کی طاقت استعمال کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں تاکہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہو سکے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری
واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جو صبح 8 بجے شروع ہوا اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔