پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، شہداء کی قربانیوں کا احترام قومی ذمہ داری ہے: بلاول بھٹو زرداری
یوتھ ویژن نیوز : ( اسلام آباد)- پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج ملک کی ریڈ لائن ہے اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کا احترام پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کی سرحدوں پر تعینات سپاہی اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ملک کی حفاظت کرتے ہیں، اس لیے انہیں سیاسی بحث کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
سپاہی قوم کا فخر ہیں، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے فوجی اور پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو اہلکار ملک کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، ان کی عزت اور ان کے اہل خانہ کا احترام قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہید کی قربانی کا احترام کیا جائے گا اور شہداء کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
آزاد کشمیر انتخابات پر بھی مؤقف
بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کی ساکھ کا انحصار پہلے مرحلے میں شفافیت اور انصاف پر ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن 2 اگست سے قبل انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی کھلی سماعت کرے اور پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج، بیلٹس اور دیگر متعلقہ انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کرے۔
شفاف انتخابات پر زور
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تمام امیدواروں اور جماعتوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے عوام کے ووٹ کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ان کے مطابق صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہی عوامی اعتماد کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔