آزاد کشمیر الیکشن 2026 کا پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پرامن پولنگ جاری

آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) –آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔

انتخابی عمل کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان کی بروقت ترسیل مکمل کر دی گئی۔ میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر مجموعی طور پر 288 امیدوار مدمقابل ہیں۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع

سیاسی مبصرین کے مطابق کئی حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)، آزاد امیدوار اور دیگر سیاسی جماعتیں بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

14 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں

آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

2,316 پولنگ اسٹیشنز، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے

پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے 2,316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 1,241 انتہائی حساس جبکہ 724 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 18 ہزار 560 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پاک فوج کے 2,100 جوان بھی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی شفاف انتخابات کی یقین دہانی

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ ریاستی ادارے پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی شرپسند یا انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر اور ڈی آئی جی کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ

کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 میرپور سٹی کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی عمل کا جائزہ لیا۔

راجہ طاہر ممتاز نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ووٹرز عموماً دن کے دوسرے حصے میں زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے آتے ہیں، جبکہ دیہی علاقوں میں صبح سے ہی ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 20 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کسی بھی پولنگ اسٹیشن سے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران معطل، گرفتار

آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے کے دوران کوٹلی میں مبینہ بے ضابطگی پر الیکشن کمیشن نے دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پر موجود رہنے کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے فوری طور پر پولنگ بیگز اپنی تحویل میں لے لیے اور نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دیے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ متعلقہ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے اور شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف الیکشن کمشنر سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں