آسٹریا میں بچوں کے کھانے میں چوہے مار زہر کی موجودگی کا انکشاف، ہزاروں اسٹورز سے پروڈکٹ واپس
یوتھ ویژن نیوز : (خصؤصی رپورٹ زاہد غنی چوہان سے) آسٹریا میں جرمن فوڈ کمپنی HiPP کے بچوں کے کھانے میں چوہے مار زہر کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ری کال (Recall) کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، یہ انکشاف پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے بعد سامنے آیا ہے۔
شکایت پر ٹیسٹنگ اور زہریلے مادے کی تصدیق
پولیس کے مطابق برگن لینڈ کے علاقے میں ایک صارف کی شکایت پر 190 گرام بچوں کے کھانے “گاجر اور آلو” کے نمونے کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا گیا، جس میں زہریلا مادہ پایا گیا، جسے انتہائی خطرناک اور جان لیوا قرار دیا جا رہا ہے۔
یورپ بھر میں تحقیقات اور ممکنہ چھیڑ چھاڑ کا خدشہ
ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ چیک ری پبلک اور سلوواکیہ سے حاصل کیے گئے نمونوں میں بھی زہریلے مادے کے آثار ملے ہیں، جس کے بعد جرمن تحقیقات کی بنیاد پر آسٹریا کو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ کمپنی نے بیرونی مجرمانہ مداخلت کے امکان کو رد نہیں کیا۔
ہزاروں اسٹورز سے پروڈکٹ واپس لے لی گئی
ریٹیل چین SPAR نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریا کے تقریباً 1500 اسٹورز سے یہ پروڈکٹ واپس منگوا لی گئی ہے، تاہم دیگر ممالک میں اس ری کال کا اطلاق نہیں کیا گیا، اور یہ اقدام احتیاطی طور پر کیا گیا ہے۔
حفاظتی ہدایات اور عوامی احتیاط
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی کے پاس متاثرہ جار موجود ہو تو اس کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں، اور اگر جار پر سیل ٹوٹی ہو، غیر معمولی بو ہو یا سرخ نشان موجود ہو تو اسے استعمال نہ کیا جائے، جبکہ کمپنی نے مکمل رقم واپس کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔